18 نومبر 2014 - 11:28
ایران کی سرگرم سفارتکاری، تین ملکوں کا اعلی وفود تہران میں

روس، چین اور عمان کے تین اعلی سطحی وفود ایران کے دورے پر ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق تہران و ماسکو کے دو طرفہ تعلقات کی توسیع اور پارلیمانی سفارتکاری کے تناظر میں روس کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سرگئی نارشكين ایک اعلی سطحی وفد کے ساتھ تہران پہنچے ہیں تاکہ پارلیمانی و تیل سے متعلق مسائل کے بارے میں وسیع مذاکرات کر سکیں۔ روسی پارلیمنٹ میں توانائی سے متعلق کمیشن کے سربراہ نے اس دورے کے بارے میں کہا ہے کہ روسی وفد، ایرانی ممبران پارلیمنٹ سے تیل و گیس کی قیمتوں کے بارے میں گفتگو کرے گا۔

اسی کے ساتھ چین کی کمیونسٹ پارٹی کا ایک اعلی سطحی وفد تہران پہنچا ہے اور مختلف مسائل میں ایرانی حکام کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی کی پولت بيورو کے رکن منگ جيان چو نے اتوار کو ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخاني سے ملاقات کی۔ شمخاني نے ایران کو جوہری مذاکرات اور این پی ٹی معاہدے پر پابند قرار دیا اور کہا کہ شروع سے لے کر اب تک ایران کی تمام پرامن ایٹمی سرگرمیاں، ملک کی حقیقی ضروریات کے تناظر میں اور آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کی نگرانی میں جاری رہی ہیں۔

عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی بھی اتوار کی رات تہران پہنچے ہیں اور انہوں نے صدر حسن روحانی اور وزیر خارجہ محمد جواد ظريف سے ملاقات اور مذاکرات کئے ۔ ان کے اس غیر سرکاری دورے کے بارے میں ایک باخبر ذرائع نے ارنا کو بتایا کہ یوسف بن علوی نے باہمی موضوعات، علاقے کے حالات اور دہشت گردی کے سلسلے میں مشاورت کے لئے تہران کا دورہ کیا ہے۔

.......

/169